وانمباڑی:(پریس ریلیز)الکوثر ریسرچ فاؤنڈیشن وانمباڑی نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمدکی ہمہ جہت خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں’ رہنمائے کاروان اردو‘ ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ پروفیسر عقیل احمد ایک فعال و متحرک دانشور،سنجیدہ ناقد اور ہمہ جہت صلاحیتوں کی حامل شخصیت ہیں ،وہ دو دہائی سے زائدعرصے سے دہلی یونیورسٹی کے ستیہ وتی کالج میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں اور گزشتہ تقریباً پانچ سالوں سے ہندوستان میں فروغ اردو کے سب سے بڑے ادارے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر کی حیثیت سے مصروفِ خدمات ہیں ۔ اردوادب ، تنقیدو تحقیق کے مختلف موضوعات پر ان کی پندرہ کتابیں اور ہندی،اردو و انگریزی میں سو سےزائد مضامین شائع ہوچکے ہیں -انھوں نے متعدد کتابوں کا ہندی سے اردو میں ترجمہ بھی کیا ہے۔ ا
2018میں کونسل کا ڈائریکٹربنتے ہی شیخ عقیل احمد نے یہ عہد کیا تھا کہ اردو کونسل کو کشمیر سے کنیا کماری تک پہنچانا ہے ۔آج ان کی کوششیں رنگ لاچکی ہیں -اردو کی نئی بستیاں آباد ہورہی ہیں۔کونسل کی اسکیموں کا فائدہ دور دراز کے خطوں تک پہنچ رہا ہے اور نئی نسل کو اردو زبان سے جوڑنے کاکام ہو رہا ہے۔گوا،کیرالا،جزائر انڈمان و نیکوبار،منی پور و آسام وغیرہ جیسے خطوں تک بھی اردوزبان کا دائرہ وسیع ہورہا ہے۔شیخ عقیل احمد کو اردو زبان و ادب کی بے مثال خدمات کے عوض مْختلف قومی و بین اقوامی تنظیموں اور ادبی اداروں کی جانب سے بہت سے انعامات و اکرامات سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
شیخ عقیل احمد کی ہمہ جہت شخصیت اور خدمات کا اعتراف علمی و ادبی حلقوں میں اعتراف کیا جاتا ہے-ان کی شخصیت و خدمات پر چالیس سےزائد مضامین کا مجموعہ بھی زیر طبع ہے۔
ان کی قابل قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے الکوثر طب نبوی ریسرچ فاؤنڈیشن،وانمباڑی کے زیر اہتمام تقریب ایوارڈاسی کا ایک حصہ ہے
اس کا انعقاداسلامیہ کالج وانمباڑی میں فاؤنڈیشن کے بانی و سرپرست ، ملک کے معروف معالج ڈاکٹر حکیم کوثر صاحب کی سرپرستی میں منعقد کیا جائے گا۔ اس موقعے پر ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں اہل علم اور دانشوران کی شرکت متوقع ہے۔








