بنگلور :
کرناٹک میں تیسری لہر کی آمد سے قبل ہی بچوں میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ مہاراشٹر کے بعد کرناٹک وہ ریاست ہے جہاں دوسری لہر کے دوران کورونا کیسز سب سے تیزی آئے ہیں۔ دوسری لہر کے دوران کرناٹک میں بچوں کے اندر انفیکشن تیزی سے بڑھ رہا ہے ، جبکہ ماہرین کااندازہ ہے کہ تیسری لہر بچوں کے لیے خطرناک ہوسکتی ہے ۔
کورونا کی پہلی لہر کے دوران 9 مارچ سے 25 ستمبر 2020 کے درمیان 10 سال سے چھوٹےبچوں کے 19,378 اور 11 سے 20 سال کے بچوں کے 41,985 معاملے رپورٹ ہوئے تھے۔ کورونا کی دوسری لہر میں تمام ریکارڈ ٹوٹتے دکھائی دے رہے ہیں۔ محض 15 دن یعنی یکم مئی سے 16 مئی 2021 کے درمیان اب تک 19 ہزار بچے کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق بچوں میں کورونا کے عجیب علامت مل رہی ہے۔جس میں تقریباً 10 سال کی عمر کے بچوں میں خارش اور دیگر جلد کے امراض پائے جاتے ہیں۔ کرناٹک میں بچوں میں بڑھتے ہوئے انفیکشن کے بارے میں حکومت الرٹ ہوگئی ہے۔ وہیں لوگ تشویش کا شکار ہو گئے ہیں۔ دوسری لہر میں بچوں پر کورونا کا قہر شروع ہوگیا ہے ۔








