وارانسی،ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR ) نے الہٰ آباد ہائی کورٹ سے وارانسی کے دال منڈی علاقے میں مجوزہ انہدام کے خلاف کامیابی کے ساتھ اسٹے آرڈر حاصل کر لیا ہے ۔ سڑک چوڑی کرنے کے منصوبے کے تحت انہدامی کارروالی کی جارہی تھی۔ میڈیا کے مطابق دال منڈی وارانسی کے قلب میں واقع ایک تاریخی بازار ہے جو اپنی ثقافتی ہم آہنگی اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے مشہور ہے ، جہاں 10 ہزار سے زائد دکانیں ہیں جن میں اکثریت مسلم تاجروں کی ہے ۔ اب یہ علاقہ حکومت کے شہری ترقیاتی منصوبے بالخصوص کاشی وشو ناتھ کوریڈور سے منسلک سڑک کی توسیع کے منصوبے کی زد میں ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں خاندان بے گھر ہو سکتے ہیں اور نسلوں سے قائم روزگار متاثر ہونے کا خطرہ ہے ۔عرضی گزار اے پی سی آر نے عدالت سے رجوع کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ، وارانسی کے افسران کی جانب سے دکان خالی کرنے اور ملکیت حکومت کے حوالے کرنے کیلئے دباؤ اور دھمکی دی جا رہی ہے جب کہ قانونی طور پر نہ تو زمین کا حصول کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی معاوضہ ادا کیا گیا ہے ۔معروف سینئر وکیل سید فرمان احمد نقوی جنہوں نے اے پی سی آر کی جانب سے کیس کی پیروی کی، انہوں نے عدالت میں دلیل دی کہ جب تک حکومت قانونی طور پر جائیداد حاصل نہ کرلے تب تک کسی بھی طرح کی بے دخلی یا انہدام پوری طرح سے غیر قانونی عمل ہے ۔ ریاستی وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ جب تک ملکیت کا قانونی حصول نہیں ہوجاتا نہ تو دکان خالی کروائی جائے گی اور نہ ہی کسی قسم کا انہدام کیا جائے گا۔جسٹس سلیل کمار رائے اور جسٹس ارون کمار سنگھ دیسوال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عرضی گزار اے پی سی آر کے حقوق کا تحفظ کیا