نئی دہلی :
بابا رام دیو گزشتہ کئی دنوں سے سرخیوں میں ہیں۔ کورونا وبا کے دوران یوگا گرو بابا رام دیو کو ایلوپیتھی اور ڈاکٹروں پر بیانات کے لئے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مرکزی وزیر صحت ہرشوردھن نے رام دیو کو بھی ایسے بیانات دینے سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی ، انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے رام دیو کے خلاف بھی ایک محاذ کھول رکھا ہے۔
آئی ایم اے نے پتنجلی کے بانی رام دیو کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی مانگ کی ہے۔ کچھ جگہوں پر ڈاکٹروں نے رام دیو اور پتنجلی کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ رام دیو کے خلاف سوشل میڈیا پر بھی ایک مہم چلائی گئی۔ سوشل میڈیا صارفین نے رام دیو کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں پوسٹ لکھے۔
ان سب کے درمیان بابا رام دیو کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو پر بھی رام دیو کی خوب تنقید کی جارہی ہے۔جو ویڈیووائرل ہورہی ہے اس میں وہ اپنی گرفتاری کی مانگ پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہہ رہےہیں کہ گرفتار ی تو ان کا باپ بھی نہیں کرسکتا۔
اس ویڈیو میں رام دیو یہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ وہ لوگ کبھی سوشل میڈیا میں رام دیو کی گرفتاری کا ٹرینڈ چلاتے ہیں تو کبھی رام دیو ٹھگ ہے کا ٹرینڈ چلاتے ہیں، چلانے دیجئے۔ اب یہ صلاحیت ہم بھی سیکھ گئے ہیں ۔ اور جو ہم لوگ ٹرینڈ چلاتے ہیں وہ سب سے اوپر بھی رہتا ہے ۔
رام دیو کا یہ بیان کب اور کہاں کا ہے اس کے بارے میں کوئی تصدیق شدہ معلومات نہیں ہے۔ سوشل میڈیا یوزرس اس ویڈیو کو ٹویٹ کرتے ہوئے رام دیو پر نشانہ سادھا رہے ہیں۔ کچھ یوزرس نے لکھا کہ سوامی رام دیو اب قانون سے اوپر ہوگئے ہیں کہ ایسی باتیں کررہے ہیں۔