لکھنؤ : (ایجنسی)
بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد نے یوپی اسمبلی انتخابات کو لے کر بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ جہاں سے بھی کھڑے ہوں گے، وہ بھی اسی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔
بھیم آرمی چیف نے کہا کہ ان کی پارٹی ہر سیٹ پر الیکشن لڑے گی۔ این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے پارٹی بورڈ کے ہوتے ہیں۔ جو کمیٹی ہے وہی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر آپ میرے دل سے پوچھیں گے تو میں بتاؤں گا، کیونکہ جمہوریت ہے، مجھے اپنی پارٹی میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق ہے۔ اگر پارٹی مجھے موقع دیتی ہے تو میں الیکشن لڑوں گا جہاں سے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کھڑا ہوں گے۔ میں اس کے خلاف الیکشن لڑوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ سی ایم یوگی کے خلاف الیکشن لڑیں گے کیونکہ انہوں نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں اتر پردیش کے لوگوں کو بہت تکلیف پہنچائی ہے۔ چندر شیکھر نے کہاکہ میں ایسے آزاد وزیر اعلیٰ کے خلاف الیکشن لڑوں گا، ان کو اقتدار، پارلیمنٹ میں نہیں گھسنے دوں گا یہ میرا یقین ہے ۔
گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران بھی چندر شیکھر نے پی ایم مودی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا، لیکن وہ الیکشن نہیں لڑ سکے تھے۔ اس معاملے پر انہوں نے کہا کہ پچھلی بار ہماری پارٹی نہیں تھی، تب بہن جی نے کہا تھا کہ چندر شیکھر مودی کے خلاف الیکشن لڑیں گے تو پی ایم الیکشن جیت جائیں گے، تب میں نے نہیں لڑا، لیکن اس بار پارٹی نے موقع دیا تو میں الیکشن لڑوں گا۔ یوگی جی کوئی بھی سیٹ طے کریں، ایسا نہیں ہے کہ میں محفوظ سیٹ سے الیکشن لڑوں گا، میں وہاں سے لڑوں گا جہاں سے یوگی آدتیہ ناتھ الیکشن لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے گھر جانا ضروری نہیں، یوگی جی کو روکنا ضروری ہے۔ چندر شیکھر نے مزید کہا کہ تمام سیٹوں پر ان کی پارٹی کی تیاریاں جاری ہیں۔ پارٹی ہر سیٹ پر مضبوطی سے الیکشن لڑے گی۔
واضح رہے کہ چندر شیکھر آزاد کو جون 2017 میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب اترپردیش حکومت نے ان کے خلاف درج فہرست ذاتوں کے خلاف مظالم کے تناظر میں سہارنپور میں مبینہ طور پر تشدد بھڑکانے کے الزام میں ان کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ (NSA) لگایا تھا۔ ستمبر 2018 میں انہیں ایک سال سے زائد عرصے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔









