لکھنؤ : (ایجنسی)
اترپردیش الیکشن سے پہلے ایک اور نیا سروے سامنے آیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کو بڑا نقصان ہونے والا ہے۔ اے بی پی-سی ووٹر کے سروے میں بتایا گیا ہے کہ بی جے پی کو اس بار 100 سے زیادہ سیٹوں کا نقصان ہوسکتا ہے، حالانکہ پارٹی حکومت بنانے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔
اس سروے میں بتایا گیا ہے کہ یوپی کی 403 سیٹوں میں سے بی جے پی کو 217 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ یعنی پارٹی کو اس بار108 سیٹوں کا نقصان ہو سکتا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں بی جے پی نے 325 سیٹیں جیتی تھیں۔
اس کے ساتھ ہی سماج وادی پارٹی کی سیٹوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اکھلیش یادو کی پارٹی کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں 156 سیٹیں ملتی دکھائی دے رہی ہیں۔ یعنی جتنی سیٹیں بی جے پی کھوئے گی، وہ سیٹیں ایس پی اپنے کھاتے میں لےجا سکتی ہے۔
اگر ہم کانگریس کی بات کریں تو اس سروے میں کانگریس کو 8 سیٹیں ملتی دکھائی گئی ہیں۔ جبکہ مایوتی کی بی ایس پی کو 18 سیٹیں ملنے کا اندازہ ہے، جبکہ دیگر کو 4 سیٹیں مل سکتی ہیں۔
بتادیں کہ گزشتہ مہینہ ،یعنی اکتوبر میں آئے اے بی پی – سی ووٹر کے سروے میں بی جے پی کو زیادہ سیٹیں ملتی دکھائی گئی تھیں۔ اس میں بتایا گیا تھا کہ بی جے پی کو 241 سے لے کر 249 سیٹیں مل سکتی ہے، لیکن ایک مہینہ کے بعد یہ گھٹ کر 217 تک پہنچ چکی ہے۔ یعنی بی جے پی کو انتخاب سے پہلے سیٹوں کا نقصان ہو سکتا ہے ، اس میں لکھیم پور کھیری سانحہ اور پولیس پر لگتے مسلسل سنگین الزامات کا اثر دیکھا جا سکتاہے۔
پچھلے سروے میں اکھلیش یادو کی ایس پی کو 130 سے 138 سیٹوں کا اندازہ لگایا گیا تھا، جو اب بڑھ کر 156 ہو چکی ہے۔ دوسری طرف کانگریس اور بی ایس پی کی سیٹوں میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے۔










