نئی دہلی :
کورونا بحران کے بیچ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نظر پانچ ریاستوں کے آئندہ اسمبلی انتخابات پربھی ہے۔ یہ انتخابات اتر پردیش ، اتراکھنڈ ، منی پور ، پنجاب اور گوا میں ہونے ہیں ، جن سے پہلے پارٹی نے اپنے کیڈر کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔
در حقیقت قومی دارالحکومت نئی دہلی میں ہفتہ (5 جون ، 2021) کو بی جے پی رہنماؤں کا اس مسئلے پر گھنٹوں منتھن ہوا۔ اس میں بی جے پی کی زمینی سطح پر تیاریوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا کی زیرصدارت پارٹی جنرل سکریٹریوں کے اجلاس میں مغربی بنگال ، آسام ، تمل ناڈو ، کیرالہ اور پڈوچیری انتخابات کے نتائج اور پارٹی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایاکہ بنگال میں اکثریت نہ ملنے کے پیچھے بی جے پی لیڈروں کے منتھن میں یہ وجہ نکلی کہ یہ لوگ مسلم ووٹروں کی پولرائزیشن کی وجہ سے وہاں کا انتخاب ہارے۔ ساتھ ہی کانگریس- لیفٹ کا ووٹ ٹی ایم سی کو چلا گیا۔
صرف یہی نہیں ، کووڈ-19 کی دوسری لہر کے پیش نظر بی جے پی کے ذریعہ چلائے گئے رضا کارانہ کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے بعدنڈا اور تنظیم جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش وزیر اعظم مودی سے ملے اور انہیں اس سب کے بارے میں جانکاری دی۔ سمجھا جاسکتا ہے کہ کورونا کے دوران کئے گئے رضاکارانہ کام اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کو لے کر دونوں لیڈروں نے وزیر اعظم کو آگاہ کرایا ۔
میٹنگ میں بی جے پی کے جنرل سکریٹری بھوپندر یادو، سی ٹی روی ، دشینت گوتم ، ڈی پریندیشوری ، ارون سنگھ ، دلیپ ساکیہ ، کیلاش وجے ورگیہ ، ترون چگ ، بی ایل سنتوش اور کو آرگنائزیشن وزیر سیوپرکاش موجودتھے ۔ نڈا کی رہائش گاہ پر منعقدہمیٹنگ میں پارٹی کے مختلف مورچے کے صدور نے بھی شرکت کی۔
میٹنگ کے بعد بی جے پی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے ٹیویٹ کرکے کہاکہ ’’کورونا چیلنجز کے درمیان عوامی خدمت کے لئے وقف ہے بی جے پی۔خدمت ہی تنظیم 2-کے تحت سیوا دیوس پر 33 ریاستوں کے 1.53لاکھ سے زیادہ گاؤں و بستیوں میں رضاکارانہ کام کئے گئے۔ ‘انہوں نے کہاکہ اس دوران 66,706رضاکاروں نے خون عطیہ کیا اور ضرورتمندوں کو ضروری اشیا تقسیم کی گئیں۔
بتادیں کہ اگلے سال کی شروعات میں جن ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں، ان میں یوپی، اتراکھنڈ اور پنجاب کے علاوہ گوا اور منی پور بھی ہیں۔ سال 2022کے آخری میں گجرات اور ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات مجوزہ ہیں۔ ان میں پنجاب کو چھوڑ کر تمام ریاستوں میں بی جے پی برسراقتدار ہیں۔










