نئی دہلی : (ایجنسی)
مالیگاؤں بم دھماکے معاملے میں طویل عرصہ تک قانونی عمل کا سامنا کرچکیں ،اس معاملے میں ملزمہ اور مدھیہ پردیش کےبھوپال سے پارلیمانی سیٹ سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر اپنے اس بیان کو لے کر کانگریس لیڈروں کے نشانےپر آگئی ہے ، جس میں انہوںنے کہا تھاکہ ’ ملک آر ایس ایس کی وجہ سے ہی محفوظ ہے ۔‘
پرگیہ ٹھاکر نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ آج ہندو اور ملک صرف آر ایس ایس کی وجہ سے محفوظ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ جب کوئی دہشت گرد مرتا ہے کانگریس والے اس کے گھر رقم دینے چلے جاتے ہیں، کانگریس کبھی دیش بھکت نہیں ہو سکتی۔ کانگریس نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کےاس بیان کو انڈین آرمی کی توہین قرار دیا ہے ۔
پرگیہ ٹھاکر کے بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دہلی کے چاندنی چوکی اسمبلی حلقہ سے سابق ایم ایل اے اور کانگریس کی سینئرلیڈر الکا لامبا نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ، ’’کانگریس لیڈروں نے لکھیم پور کھیری میں شہید ہوئے کسانوں کے پریواروں کو ایک ایک کروڑ روپے مدد رقم دی ۔ ضمانت پر باہر بی جے پی کی یہ دہشت گردرکن پارلیمنٹ ہمارے کسانوں کو کل تک خالصتانی توآج دہشت گرد بتا رہی ہے۔ دہشت گرد تو وہ ہیں جنہوں نے ہمارے کسانوں کو اپنی گاڑی سے کچلاہے ۔‘‘
اس دوران کانگریس لیڈر کے کے مشرا نے ٹویٹ کیا اور کہا:’پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے مطابق آر ایس ایس کی وجہ سے ملک محفوظ ہے! کیا ہماری سرحد پر تمام مذاہب کی رجمنٹ کے بہادر و شہید فوجی بزدل و غدار ہیں؟ یہ پوچھنے کی ہمت ہے آپ میں کہ 96 سالوں میں آر ایس ایس کا رجسٹریشن ، بائیو لوجی ، رکنیت کی فہرست کہاں ہے، ڈر ہے کہیں آپ جیسا حشر دیگر دہشت گردوں کا نہ ہو؟‘










