غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے حماس کے مسلح ونگ القسام کے نئے کمانڈر محمد السنوار کو نشانہ بنانےکے لیے کی گئی کارروائی کے کئی دنوں کی بے یقینی اور غیریقینی خبروں کے بعد اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ خان یونس میں اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد السنوار کو شہید کر دیا گیا
عرب میڈیا کے مطابق محمد السنوار کا جسد خاکی جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک سرنگ سے ملا ہے، جہاں ان کے دس ساتھیوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق محمد السنوار گذشتہ دنوں خان یونس کے مشرق میں یورپی ہسپتال کے قریب اسرائیل کے شدید فضائی حملے میں نشانہ بنے۔ اسی حملے میں رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شبانہ بھی مارے گئے
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد السنوار جو حماس کے مقتول رہنما یحییٰ السنوار کے بھائی تھے، کو ایک خفیہ پناہ گاہ میں نشانہ بنایا گیا جو یورپی ہسپتال کے نیچے واقع تھی۔اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بدھ کے روز ایک ویڈیو جاری کی، جس میں بتایا گیا کہ حملہ اس وقت کیا گیا جب محمد السنوار مذکورہ مقام پر موجود تھے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دھماکہ اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔محمد السنوار کو ان کے بھائی یحییٰ السنوار کی ہلاکت کے بعد القسام بریگیڈ کی قیادت سونپی گئی تھی، جب اکتوبر 2024ء میں اسرائیل نے انہیں شہید کردیا تھا۔ بعد ازاں جولائی 2024 میں حماس کے ایک اور مرکزی رہنما محمد الضیف کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہوگئی تھی۔ حماس نے ان تینوں جنگجوؤں کو 7 اکتوبر 2023ء کے حملوں کا اہم منصوبہ ساز قرار دیا جاتا تھا۔