بھوپال :(ایجنسی)
ایک وقت میں برہمن اور بنیوں کی پارٹی کہی جانے والی بی جے پی اب دلتوں، او بی سی طبقے کے درمیان تیزی سے پکڑ بنا رہی ہے۔ لیکن شاید اس کے بڑے لیڈر ابھی بھی اسے اصل طور سے برہمن اور بنیوں کی پارٹی مانتے ہیں۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری پی مرلی دھر راؤ نے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ان کی جیب میں برہمن اور بنیا ہیں۔ کانگریس نے کہاکہ راؤ اپنے اس بیان کے لیے معافی مانگیں۔
مرلی دھر راؤ مدھیہ پردیش بی جے پی کے انچارج بھی ہیں۔ وہ پیر کو بھوپال میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔اس دوران راؤ نے یہ بیان دیا۔ حالانکہ انہوں نے بات کو سنبھالتے ہوئے کہاکہ جب بی جے پی شروع ہوئی تو اس وقت پارٹی کےپاس ایک خاص طبقہ کے لوگ زیادہ تھے، لیکن ہمیں اسے تمام طبقات کے لوگوںکی پارٹی بنانا ہے ۔
بی جے پی لیڈر کے متنازع بیان پر مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے کہا ہے کہ بی جے پی سب کا ساتھ، سب کا وکاس کی بات کرتی ہے اور اس کے جنرل سکریٹری کہتے ہیں کہ برہمن اور بنیا اس کی جیب میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جنرل سکریٹری کا یہ بیان ان طبقات کی توہین ہے۔









