نئی دہلی : (ایجنسی)
سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر سلمان خورشید کی حالیہ کتاب ’سن رائز اوور ایودھیا – نیشن ہڈ ان اوور ٹائم‘ کے حوالے سے کئی مقامات پر پولیس کو شکایتیں دی گئی ہیں۔ یہ شکایات دہلی، ممبئی اور جے پور میں دی گئی ہیں۔
جے پور کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں جمعہ کو درج کرائی گئی شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ کتاب میں مذکور بیانات سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ایڈوکیٹ بھرت شرما نے سلمان خورشید کی کتاب میں درج بیانات کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اور 295 کے تحت شکایت درج کرائی ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایڈوکیٹ شرما نے کہا کہ ایک اخبار کے دوران مجھے معلوم ہوا کہ سلمان خورشید نے اپنی کتاب میں ہندوتوا کا موازنہ آئی ایس آئی ایس اور بوکو حرام جیسے بنیاد پرست دہشت گرد گروپوں سے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قابل مذمت ہے اور میرے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اس لیے میں نے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مذہبی جذبات مجروح کرنے کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جائے۔
قبل ازیں جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما رام کدم نے خورشید کے خلاف ممبئی کے گھاٹ کوپر پولیس اسٹیشن میں ان کی کتاب پر پولیس شکایت درج کرائی تھی۔ اس کے ساتھ ہی کدم نے کانگریس لیڈر راشد علوی کے خلاف بھی ’رام بھکت‘ پر کیے گئے تبصروں کی شکایت درج کرائی ہے۔ کدم نے اپنی شکایت پر ایف آئی آر درج کرنے اور کانگریس قائدین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔









