نئی دہلی(ایجنسی)
دہلی حکومت دہلی میں فضائی آلودگی کو کم کرنے اور اسے کنٹرول کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ لیکن آلودگی کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ اس کے پیش نظر سپریم کورٹ نے دہلی این سی آر میں آلودگی پر سماعت کے دوران اہم تبصرہ بھی کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سخت تبصرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہلی این سی آر میں آلودگی ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے۔
آلودگی کی صورتحال اتنی خراب ہے کہ گھر پر بھی ماسک لگانا پڑتا ہے۔ سپریم کورٹ نے آلودگی کے معاملے پر مرکزی حکومت سمیت دہلی، پنجاب اور ہریانہ حکومتوں کی ہنگامی میٹنگ کا حکم دیا ہے۔
اس حکم کے بعد اب دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج شام 5 بجے آلودگی کے معاملے پر ہنگامی میٹنگ بلائی ہے۔ اس میٹنگ میں دہلی کے سی ایم اروند کیجریوال کے علاوہ ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا، وزیر صحت ستیندر جین اور دہلی کے چیف سکریٹری وجے کمار دیو کے علاوہ کئی دیگر سینئر افسران نمایاں طور پر شامل ہوں گے۔ اس دوران آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے طریقہ کار کے بارے میں گہرائی سے بات چیت ہوگی۔









