نئی دہلی(ایجنسی)
مہاراشٹرا حکومت کے ریاستی وزیر سنجے بنسوڑے نے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے ساتھ منگل کو دہلی کے دو سرکاری اسکولوں، کاٹیلیہ گورنمنٹ سروودیا بال ودیالیہ، چراغ انکلیو گریٹر کیلاش اور اسکول آف ایکسی لینس کالکاجی کا دورہ کیا۔ وہاں انہوں نے بچوں سے بات کی اور بزنس بلاسٹرز پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران حب الوطنی کے نصاب اور اسکول آف اسپیشلائزڈ ایجوکیشن کے ماڈل کو بھی سمجھا۔ اس موقع پرسنجے بنسوڑے نے کہا کہ میں دہلی کے سرکاری اسکولوں کے بچوں سے مل کر بہت متاثر ہوا ہوں۔ ہم دہلی کے تعلیمی ماڈل کو مہاراشٹرمیں بھی اپنائیں گے۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی حکومت تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے مہاراشٹرا حکومت کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ اس طرح ایک دوسرے سے سیکھ کر اور مل کر کام کر کے ملک کے تعلیمی نظام میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔مسٹر سنجے بنسوڑے نے کہا کہ ہمارے لیڈر شرد پوار نے مجھ سے کہا کہ دہلی جا کر وہاں کے سرکاری اسکولوں کو دیکھو اور دہلی کے تعلیمی ماڈل سے سیکھو اور مہاراشٹرمیں بھی دہلی کی طرز پر سرکاری اسکولوں کی تعمیر کرو۔

انہوں نے کہا کہ اے اے پی حکومت نے عام آدمی کے لئے جو کام کیا ہے وہ واقعی شاندار ہے۔ آج ملک کی تمام ریاستوں کو دہلی کے تعلیمی ماڈل کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ دہلی کے تعلیمی ماڈل کو پورے ملک میں لاگو کیا جائے۔ دہلی کے اپنے اسکول کے دورے کے دوران، مسٹر سنجے بنسوڑے نے اسکول آف اسپیشلائزڈ ایکسیلنس کے ماڈل کو سمجھا، جو کہ دہلی حکومت کے ذریعہ شروع کیا گیا ایک قسم کا اسکول ہے۔ وہ اس خصوصی ڈومین پر مبنی اسکول کے ماڈل کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے اور کہا کہ دہلی حکومت بچوں کو عالمی معیار کی خصوصی تعلیم فراہم کرنے میں بہت اچھا کام کر رہی ہے۔ اور سرکاری اسکولوں میں بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
سنجے بنسوڑے نے حال ہی میں دہلی حکومت کی طرف سے شروع کیے گئے حب الوطنی کے نصاب کو بھی سمجھا۔ انہوں نے انٹرپرینیورشپ مائنڈ سیٹ نصاب کے تحت دہلی کے سرکاری اسکولوں میں شروع ہونے والے بزنس بلاسٹرس پروگرام کے ڈیزائن کو بھی سمجھا اور اس پروجیکٹ میں شامل بچوں سے ان اداروں کے بارے میں بات چیت کی جنہیں بچوں نے حکومت کی طرف سے دی گئی سیڈ منی سے شروع کیا ہے۔ مسٹر سنجے بنسوڑے دہلی کے سرکاری اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے سے بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے دورے کے دوران اسکول کی لیب اور لائبریری کا بھی دورہ کیا اور بچوں سے بات چیت کی۔ اسکول میں موجود لیب کو دیکھ کر انھوں نے کہا کہ دہلی کے سرکاری اسکول کی یہ لیب پرائیویٹ اسکولوں کی لیب سے زیادہ شاندار ہے۔ جو لوگ عام آدمی ہیں، وہ عام آدمی کے لیے کام کرتے ہیں اور دہلی حکومت نے عام آدمی، عام بچوں کے لیے جو کام کیا ہے، وہ واقعی قابل ستائش ہے۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی حکومت تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے مہاراشٹرا حکومت کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ اس طرح مل کر کام کرنے سے ملک کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلی آسکتی ہے۔ ایک دوسرے سے سیکھ کر ہی ہم ملک کے تعلیمی نظام میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔









