نئی دہلی :(ایجنسی)
دہلی فسادات کے معاملے میں پہلی بار ایک ملزم دنیش یادو کو مجرم قرار دیا گیا ہے۔ اس کی سزا کا اعلان 22دسمبر کو کیا جائے گا۔ یہ معاملہ شمال مشرقی دہلی کے گوکل پوری علاقے کا ہے۔ دہلی پولیس کی چارج شیٹ کے مطابق فسادات کے دوران 25 فروری کی رات منوری نامی ایک 73 سالہ خاتون کے تقریباً دیڑھ سو سے دوسو فسادیوں نے گھر میں زبردستی گھس کر آگ لگا دی گئی تھی۔ اس کے ساتھ گھر میں موجود ضروری سامان بھی لوٹ لیاگیاتھا۔
دنیش یادو اس ہجوم کا ایک سرگرم رکن تھا جس نے آگ لگائی تھی۔ اس کے خلاف گوکل پوری پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔دنیش یادو کو دہلی پولیس نے 8 جون 2020کو گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے 3اگست 2021 کو ملزمان کے خلاف الزامات طے کیے تھے۔ کڑکڑڈوما کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج وریندر بھٹ نے، دنیش یادو عرف مائیکل کو فسادات، آتش زنی، ڈکیتی اور مشتعل ہجوم کے ساتھ مل کر گھر میں زبردستی داخل ہونے کا مجرم قرار دیا۔










