پرتاپ گڑھ :(ایجنسی)
اترپردیش اسمبلی انتخابات کے تحت آج (27 فروری) کو 5ویں مرحلے کی ووٹنگ ہو رہی ہیں۔ اس درمیان سماج وادی پارٹی نے راجہ بھیا کی پارٹی جن ستہ دل پر کنڈہ اسمبلی حلقہ کے کئی بوتھوں پر فرضی ووٹنگ کا الزام لگایاہے ۔ اسے لے کر ایس پی نے الیکشن کمیشن سے شکایت بھی کی ہے۔
ایس پی کا الزام ہے کہ پرتاپ گڑھ ضلع کی کنڈہ اسمبلی کے بوتھ نمبر 156,157اور 158گرام سبھا بنتی میں جن ستہ دل کے کارکنان فرضی ووٹنگ کروا رہے ہیں اور ووٹروں کو دھمکی دے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن اور ضلع انتظامیہ فوراً نوٹس لیں۔
اس کےعلاوہ جہان آباد ، سمس پور ، ساجا، ہتھی گاؤں ،کھیدر پور، ڈیہہ ، نوبستہ ، پرسی پور، بھدسیو، پرانو پور، نرسنگھ پور، پہاڑ پور، جمٹھی سمیت دیگر گرام سبھا ؤں میں بھی بوتھ کیپچر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
کنڈہ میں چیلنج ہیں راجہ بھیا
پرتاپ گڑھ ضلع کی کنڈہ اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے و جن ستہ دل کے قومی صدر رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا نے ووٹ ڈالنے سے پہلے کوٹھی میں بنے بجرنگ بلی کے مندر میں درشن کئے۔ انہوںنے کہاکہ اس الیکشن میں ہر بار سے بہتر کارکردگی رہے گی۔ جیت یقینی ہے ۔ راجہ بھیا نے کہاکہ 8 امیدوار اس مرحلے میں ہمارے لڑرہے ہیں۔ کنڈہ میں صرف چیلنج ہے۔ اپنے ہدف کو توڑنا ہے اور وہ توڑیں گے ۔ انتخاب ہو جائے اس کےبعد اتحاد کی بات کریں گے ۔
وہیں راجہ بھیا کی بیٹی وجے راجیشوری نے آج تک کو بتایا کہ کنڈہ میں اس بار بھی پاپا جیتنے والے ہیں۔ اس بار 1.5لاکھ کا ہدف پار کریں گے ۔ دوسری بیٹی راگھوی نے کہاکہ ہم لوگوں نے ساتھ پوجا کی اورمانگا کہ سب اچھاہو۔ ہمیشہ ہم لوگوں کو زیادہ حمایت ملی ہے ۔
ان بڑے چہروں کی قسمت داؤ پر
پانچویں مرحلے کی ووٹنگ میں جن بڑے چہروں کی قسمت داؤ پر ہے، ان میں یوپی سرکار کے ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ، یوگی سرکارمیں وزیر موتی سنگھ ، نند گوپال گپتا نندی، سدھارتھ ناتھ سنگھ، رام پتی شاستری، چندریکا پرساد اپادھیائے کی قسمت داؤ پر ہے۔ کانگریس کی آرادھنا مشرا مونا اور جن ستہ دل کے صدررگھو راج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا کے ساتھ ہی اپنا دل (کمرا وادی ) کی صدر کرشنا پٹیل کی قسمت کا فیصلہ بھی اسی مرحلے میں ہونا ہے ۔
دوپہر ایک بجے تک 34.83 فیصد پولنگ
یوپی اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلہ کی 61 سیٹوں پر پولنگ کے دوران دوپہر ایک بجے تک 34.83 فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔