نئی دہلی (ایجنسی)
کچھ لیڈروں کے ذریعہ لگاتار کانگریس ورکنگ کمیٹی ( سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ بلانے کی مانگ کرنے کے بعد آخر کار کانگریس قیادت نے ان کی بات سن لی ہے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) کےسی وینو گوپال نے ٹویٹ کرکے بتایا ہے کہ پارٹی میں اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارے کی میٹنگ 16 اکتوبر کو پارٹی کے قومی دفتر دہلی میں ہوگی۔
وینوگوپال نے کہا کہ اس میں تازہ ترین سیاسی صورتحال ، آئندہ ریاستی انتخابات اور تنظیمی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پچھلے چند ماہ کانگریس کے لیے بہت برے رہے۔ پنجاب کانگریس میں طویل سیاسی ہنگامہ آرائی کے علاوہ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بھی اقتدار کی کشمکش کی اطلاعات تھیں۔ پنجاب اب بھی پارٹی کے لیے درد سر ہے۔ کیونکہ نوجوت سنگھ سدھو کے اقدامات کی وجہ سے پارٹی کو خدشہ ہے کہ اسے اقتدار میں واپس آنا مشکل ہو سکتا ہے۔










