ڈھاکہ:بنگلہ دیش کےاٹارنی جنرل محمد اسد الزماں نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے اندر ہمت ہے تو انٹرنیشنل کرمنل ٹریبونل میں ٹرائل کا سامنا کرنے بنگلہ دیش واپس آئیں گی۔ اٹارنی جنرل نے اتوار کو شیخ حسینہ کے اپنے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو بنگلہ دیش واپس آؤ اور عدالت میں انصاف کا سامنا کرو۔وہ سپریم کورٹ کی جانب سے ججوں کو ہٹانے کے سپریم جوڈیشل کونسل کے اختیار کو بحال کرنے اور آئین میں 16ویں ترمیم کو غیر قانونی قرار دینے والے فیصلے کے خلاف ریاست کی پٹیشن کو خارج کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سابق وزیر اعظم اپنے بیان پر قائم رہیں گی، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ واپس آنا اور مقدمے کا سامنا کرنا ان کے بہترین مفاد میں ہوگا۔ انگریزی اخبار ڈھاکہ ٹریبونل کے مطابق حسینہ کی ممکنہ حوالگی کے بارے میں، اسد الزماں نے وضاحت کی کہ اگر بنگلہ دیش کا اس ملک کے ساتھ حوالگی کا معاہدہ ہے جو اس وقت اسے پناہ فراہم کررہا ہے، تو ان کو اس معاہدے کے تحت واپس کیا جا سکتا ہے، کیونکہ ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شیخ حسینہ کے میزبان ملک کی قانونی دفعات پر منحصر ہے کہ انٹرپول سے مدد لی جا سکتی ہے، یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ صورتحال کو اسٹیٹ سطح پر حل کیا جانا چاہیے۔ 17 اکتوبر کو، بین الاقوامی فوجداری ٹربیونل نے عوامی لیگ کے جنرل سیکرٹری عبیدالقادر سمیت حسینہ واجد اور دیگر 45 افراد کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے، جن میں بڑے پیمانے پر قتل اور امتیازی سلوک مخالف طلبہ تحریک کو دبانے سمیت سنگین جرائم کے الزامات ہیں۔