جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں 26 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس واقعے کے بعد یوپی، دہلی اور ممبئی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس حملے کو 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد وادی میں سب سے مہلک حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام نے اہم سیاحتی مراکز اور سرحدی گزرگاہوں پر سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ اتر پردیش پولیس کو خاص طور پر مذہبی مقامات پر چوکس رہنے کو کہا گیا ہے۔
•••کاشی متھرا سمیت مذہبی مقامات پر نگرانی میں اضافہ
دہلی پولیس کو بھی سیاحتی مقامات اور دیگر اہم مقامات پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دہلی پولس کے ذرائع نے اس سلسلے میں جانکاری دی ہے۔ دوسری جانب ممبئی میں بھی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ جے پور اور امرتسر میں بھی پولیس چوکس ہے۔ اتر پردیش کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) پرشانت کمار نے ریاست کے تمام پولیس کمشنروں اور ضلع مجسٹریٹوں کو چوکس رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ایودھیا، کاشی اور متھرا جیسے مذہبی مقامات پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ڈی جی پی نے تمام اضلاع میں نگرانی بڑھانے کی ہدایات دی ہیں۔