امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے دورے کے دوران کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
ریاض میں اپنے خطاب میں انھوں نے ایران پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ خطے کی اینٹ سے اینٹ بجانا چاہتا ہے اور دوسرے ممالک میں خون ریزی کے لیے مالی مدد دیتا ہے۔مگر امریکی صدر نے کہا کہ وہ یہاں ماضی میں ایرانی رہنماؤں کی طرف سے اٹھائے گئے متنازع اقدامات کی مذمت کے لیے نہیں آئے ہیں بلکہ انھیں ایک نئے رستے کی پیشکش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پرامید مستقبل سے متعلق بہت بہتر رستہ ہے۔ان کے مطابق ’میں ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہوں۔ اگر میں ایران کے ساتھ معاہدہ کر لیتا ہوں تو مجھے اس پر بہت خوشی ہوگی۔‘انھوں نے کہا کہ اگر ایران کی قیادت اس پیشکش کو مسترد کرتی ہے اور اپنے پڑوسی ممالک پر حملے کرتی ہے تو پھر ہمارے پاس ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ بڑھانے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں بچے گا اور ایران کی تیل کی برآمدات کو زیرو تک لے جائیں گے۔ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ اہم معاہدوں پر دستخط کرنے کے بعد تقریب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریباً ایک گھنٹے کا خطاب کیا۔
ان کے خطاب کے پانچ اہم نکات یہ ہیں:
1-امریکی صدر نے کہا کہ وہ شام پر سے عائد پابندیاں ہٹا رہے ہیں تا کہ شام کو خوب ترقی کا موقع مل سکے۔
2-وہ ایران کے ساتھ ڈیل کرنا چاہتے ہیں۔ مگر انھوں نے کہا کہ اگر ایران نے ان کی یہ پیشکش مسترد کی تو پھر وہ اس پر دباؤ میں اضافہ کر دیں گے اور تہران کی تیل کی برآمدات زیرو کر دیں گے۔
3-انھیں امید ہے کہ سعودی عرب ’ابراہم اکارڈز‘ کا حصہ بنے گا۔ صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے دور صدرات میں اسرائیل اور دیگر خلیجی ممالک میں جو ڈیل کرائی تھی اسے ابراہم اکارڈز کا نام دیا گیا تھا۔
4*142 بلین کے ہتھیاروں کی خریداری کے معاہدے کے بعد امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سعودی عرب سے تعلقات کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
5-اسرائیل اور غزہ کی جنگ پر ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کے لوگ زیادہ بہتر مستقبل کے حقدار ہیں۔ تاہم انھوں نے کہا کہ یہ اس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک کہ وہاں کے رہنما معصوم لوگوں کو اغوا، تشدد اور ہدف بناتے رہیں گے۔
***600 بلین ڈالر کا معاہدہ ایک ٹریلین ڈالر کا ہو سکتا ہے: محمد بن سلمان :ریاض میں اہم معاہدوں پر دستخط کے بعد سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب بھی کیا ہے اور دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آج ان کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جو 600 بلین ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے یہ آنے والا مہینوں میں بڑھ کر ایک ٹریلین ڈالر تک کا ہو سکتا ہے۔