نئی دہلی آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت ( رجسٹرڈ)کے زیر اہتمام غزہ بحران کے درمیان فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ کو نئی دہلی میں ایک اہم کانفرنس ہوئی جس میں سیاستداں، انسانی حقوق کارکن، سرکردہ دانشوروں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال اور اس کے عالمی مضمرات پر روشنی ڈالی ۔ان میں نیپال کے سابق نائب وزیر اعظم اوپیندر یادو، انسانی حقوق کے معروف کارکن ہرش مندر، پروفیسر۔ اچین ونائک ، پروفیسر سندیپ پانڈے، کسان لیڈر ڈاکٹرسنیلم، مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر, ایس کیو آر الیاس، اور دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹرظفر الاسلام خان شامل ہیں . اے آئی ایم ایم ایم آئی کے صدر ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے افتتاحی تقریر میں فلسطین کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کے تاریخی تناظر کو تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے 12ویں صدی میں ہندوستانی صوفی بزرگ بابا فرید کے یروشلم کے دورے، یروشلم میں مدفون قوم پرست رہنما محمد علی جوہر کی طرف سے فلسطین کے لیے ظاہر کی گئی تشویش اور فلسطینی کاز کے لیے مہاتما گاندھی کی مضبوط حمایت کا تذکرہ کیا.
پروفیسر آچن ونائک نے اسرائیل کو نسل پرستی، اور نسل کشی کے اصولوں پر قائم ایک ” نوآبادیاتی، نسل پرست ریاست” کے طور پر بیان کیا۔ روایتی دو ریاستی حل پر تنقید کرتے ہوئے، انہوں نے فلسطینیوں سمیت تمام باشندوں کے لیے انصاف اور مساوات پر مبنی ایک ریاستی حل کی وکالت کی۔ ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نےفلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے، بڑی حد تک نہتی فلسطینی آبادی کے مقابلے میں اسرائیل کی زبردست فوجی طاقت کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے مغربی ممالک بالخصوص امریکہ کے کردار پر بھی سوال اٹھایا۔ اور غزہ میں نسل کشی کی مہم میں یورپ کے کردار کو نمایاں کیا .
معروف سوشلسٹ لیڈر اور سماجی کارکن پروفیسر سندیپ پانڈے جنہوں نے امریکی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کے طور پر میگسیسے ایوارڈ واپس کردیا تھا نے اپنی گفتگو میں غزہ کی نسل کشی کا حوالہ دیتے ہوئے، اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ کسان رہنما ڈاکٹر سنیلم نے فلسطینی عوام کی قبضے کے خلاف مزاحمت کے جائز حق کا اعادہ کیا،انصاف کے لیے ان کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔معروف انسانی حقوق کارکن ہرش مندر نے تشدد میں مغربی طاقتوں کی ملی بھگت پر روشنی ڈالی، ہولوکاسٹ کے بعد کے نعرے "کبھی نہیں دوبارہ” کے ان کے منتخب اطلاق پر تنقید کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ عہد تمام انسانیت کے لیے ہے یا صرف مخصوص گروہوں کے لیے؟ کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے، نیپال کے سابق ڈپٹی پی ایم اوپیندر یادیو نے اسرائیل کے اقدامات کو جدید دور کی نسل کشی قرار دیتے ہوئے نازیوں کے مظالم سے ثطبیق کی۔ انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کی عدم فعالیت پر تنقید کی اور اپنے اس یقین کی تصدیق کی کہ فلسطینی مزاحمت کی بالآخر فتح ہوگی۔
کانفرنس کا اختتام غزہ میں تشدد اور نسلی تطہیر کے خاتمے کے لیے ایک متفقہ اپیل کے ساتھ ہوا۔ مقررین نے فلسطینی عوام کے لیے انصاف، مساوات اور خود ارادیت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ان کی جدوجہد میں عالمی یکجہتی پر زور دیا۔کانفرس کو کامیاب بنانے میں سید تحسین احمد،نوراللہ خاں،محمد ضحی، ڈاکٹر محمد علی جوہر ،وغیرہ کا اہم رول رہا جبکہ سامعین میں سماج کے مختلف حصوں کے سرکردہ افراد موجود تھے