نئی دہلی : (ایجنسی)
عام آدمی کو آج پھر بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سرکار نے ایل پی جی گیس سلنڈرکی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے۔ تیل کمپنیوں نے بغیر سبسڈی والے 14.2 کلو گرام والے سلنڈر کے دام میں 15 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ وہیں اس میں اضافہ کے بعد ملک کی راجدھانی دہلی میں رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت 899.50 روپے فی سلنڈر ہوگئی ہے۔ وہیں پٹنہ میں اب ایل پی جی سلنڈر کے لیے ایک ہزار میں سے صرف دو روپے کم چکانے پڑھیں گے۔
بتادیں کہ مہینے کے پہلے دن حکومت نے 19 کلو کے کامرشیل سلنڈر سر کی قیمت 43 روپے بڑھائی تھی، جس کے بعد ایک اکتوبر سے دہلی میں 19 کلو والا کامرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1693 روپے سے بڑھ کر 1736.50 روپے ہوگئی تھی۔
واضح رہےکہ اکتوبر کے آغاز میں ہی سرکاری تیل کمپنیوں نے ایک بار پھر گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کیا تھا۔ یکم اکتوبر کو بغیر سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ دہلی میں 14.2 کلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 884.50 روپے ہو گئی تھی۔ پچھلے 15 دنوں میں غیر سبسڈی والا ایل پی جی سلنڈر50 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی اندرونی تشخیص سے اشارہ ملا تھا کہ صارفین کو ایل پی جی سلنڈر کے لیے فی سلنڈر 1000 روپے ادا کرنے پڑ سکتے ہیں، حالانکہ یہ مکمل طور پر واضح نہیں ہے کہ حکومت کا اس بارے میں کیا خیال ہے۔










