ایران کی پاسدران انقلاب فورس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی حملے جاری رہے تو ایران کے حملوں میں بھی شدت آئے گی۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کا کہنا ہے کہ ’مستقبل قریب میں آپ اسرائیلی طیارے، اسرائیلی ایئر فورس، ہمارے پائلٹوں کو تہران کی فضا میں دیکھیں گے۔‘سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز اور بی بی سی ویریفائی کی تصدیق شدہ ویڈیوز میں ایران کے دارالحکومت تہران کے شمال مغرب میں تیل کے ایک ڈپو میں آگ لگی دیکھی جا سکتی ہے۔
بی بی سی ویریفائی نے جس ایک ویڈیو کی تصدیق کی، اس میں دو رہائشی شہران ڈپو میں لگی آگ کو دیکھ رہے ہیں۔ایک اور کلپ میں ایک آئل ٹینکر میں لگی آگ کو دیکھا جا سکتا ہے، جس میں ایک شخص ان مناظر کو فلم کر رہا ہے اور ویڈیو کے وقت اور مقام کی تصدیق کر رہا ہے۔خبر رساں ایجنسی مہر کی ایک رپورٹ میں اس مقام پر بنائی گئی ویڈیو سے بھی اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ شہران آئل ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران کی وزارت پیٹرولیم نے کہا ہے کہ صورتحال ’کنٹرول میں ہے‘ لیکن ایرانی میڈیا نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ’آئل ڈپو سے دور رہیں۔‘
دوسری جانب آن لائن شیئر کی گئی اور بی بی سی کی تصدیق شدہ ایک ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ آج رات ایران کی جانب سے فائر کیے گئے میزائلوں کے بعد اسرائیل میں حیفا آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی۔ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم (Tasnim) نے بتایا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے تہران میں ’وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹرز‘ کو نشانہ بنایا ہے۔
تسنیم کے مطابق اسرائیلی حملے میں ’وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹرز‘ کی عمارت کو ’معمولی نقصان‘ پہنچا جبکہ اسی علاقے میں ایک اور حملے میں وزارت دفاع کی ڈیفینس ریسرچ اینڈ انوویشن آرگنائزیشن‘ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچااسرائیل کی فائر اینڈ ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ انھیں ملک کے ساحلی اور شمالی علاقوں میں رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچنے اور آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
فائر اینڈ ریسکیو سروس یونٹ کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ متاثرہ مقامات کی جانب نکل پڑا ہے۔ دریں اثنا ایرانی سرکاری میڈیا میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب 100 میزائل فائر کیے ہیں۔
اس وقت شمالی اسرائیل میں سائرن بج رہے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حیفا اور قریت کے علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا میزائل زمین سے ٹکرائے ہیں یا انھیں روک لیا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی فضائیہ اس وقت تہران میں فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے۔
ایران کے شمال مشرقی صوبے آذربائیجان کے گورنر کا کہنا ہے کہ وہاں 31 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 30 فوجی اہلکار اور ریڈ کراس کا ایک رکن شامل ہیں جبکہ 50 افراد زخمی ہیں۔ (بی بی سی کے ان پٹ کے ساتھ)