ب
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے خلاف سابق فوجی افسر میجر گورو آریا کے متنازعہ ریمارکس نے ہندوستان اور ایران کے درمیان ایک مختصر لیکن شدید سفارتی ہلچل مچا دی ہے۔ ‘لائیو ہندوستان’ کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں آریہ نے عراقچی کو "سور کی اولاد ” کہا ہے۔ جس کے بعد ایران کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ میجر آریہ نے یہ تبصرہ عراقچی کے ہندوستان سے پہلے پاکستان آنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
مبینہ طور پر عراقچی کے دورے کا مقصد 22 اپریل کے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا تھا۔
ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہندوستان میں ایرانی سفارت خانے نے سخت بیان جاری کیا۔ انہوں نے لکھا، "ایرانی ثقافت میں مہمانوں کا احترام ایک پرانی روایت ہے۔ ہم ایرانی اپنے مہمانوں کو ‘خدا کا محبوب’ سمجھتے ہیں، یہاں مہمانوں کے بارے میں آپ کی کیا سوچ ہے؟”
اس واقعے کے بعد بھارتی حکومت نے بھی فوری ردعمل کا اظہار کیا۔ تہران میں ہندوستانی سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا، "ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ہندوستانی شہری ہے۔ اس کے خیالات حکومت ہند کی سرکاری رائے کی نمائندگی نہیں کرتے۔ حکومت ہند اس طرح کی گالی گلوچ کو نامناسب سمجھتی ہے۔”
واضح رہے کہ میجر گورو آریہ ہندوستانی میڈیا کی ایک معروف شخصیت ہیں۔ ان کے X اکاؤنٹ پر 2 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی ان کو فالو کرتے ہیں۔ ان کے یوٹیوب شو "چانکیہ ڈائیلاگز” کے 40 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبر ہیں۔