نئی دہلی: صدر جمعیۃ علماء ہندمولانا محمود اسعد مدنی نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ساتھ لبنان پر مسلسل بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کی جارحیت خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں معصوم بچوں اور بے کس لوگوں کوقتل کرنے کے بعد اسرائیل اب لبنان میں عام انسانو ں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے ۔
مولانا مدنی نے لبنان میں پیٹھ کے پیچھے سے کئے گئے حملے میں حزب اللہ کے رہ نما سید حسن نصراللہ سمیت متعدد رہ نماؤں کی وفات پر بھی گہرے ر نج و الم کا اظہار کیا ہے ۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل کی بے لگام کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی اور عالمی برادری کی جانب سے کسی مضبوط اقدام کی عدم موجودگی کی وجہ سے جاری ہیں۔افسوس ہے کہ عالمی برادری دہشت گردانہ اور وحشیانہ عمل کو انجام دینے والے ملک کا ہاتھ پکڑنے میں ناکام ہے اور اس کی انسانیت سوز کارروائیاں لگاتار جاری ہیں۔انھوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور انسانیت کی حمایت کے لیے الائنس آف ہیومنٹی قائم کیا جائے تا کہ پورے خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچایا جا سکے۔(سورس:پریس ریلیز)