لکھنؤ : (ایجنسی)
جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی جنرل سکریٹری کے سی تیاگی کے بیٹے امریش تیاگی نے اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما اور بی جے پی کے سینئر لیڈر لکشمی کانت واجپئی نے انہیں لکھنؤ میں پارٹی کی رکنیت دلائی۔ امریش تیاگی نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی انتظام کو سنبھالا ہے۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد تیاگی نے کہا کہ ان کے خاندان میں جمہوری نظام ہے اور وہ کسی بھی پارٹی میں شامل ہونے کے لیے آزاد ہیں۔
امریش تیاگی نے کہا کہ ان کے والد کے سی تیاگی این ڈی اے کی آئینی جماعت کے رہنما ہیں اور ایسے حالات میں بی جے پی کے ساتھ ہمیشہ سے اتحاد رہا ہے۔ والد کے سوشلسٹ نظریہ اور بی جے پی کے ہندوتوا پر انہوں نے کہا کہ ایک خاندان میں مختلف نظریات ہو سکتے ہیں۔ بی جے پی کے کام، پی ایم مودی اور یوگی کی قیادت نے مجھے پارٹی میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔
الیکشن کا انتظام کرنے والے امریش تیاگی کا ماننا ہے کہ انتخابی مہم میں بی جے پی سب سے آگے ہے اور اپوزیشن اس کے آگے دور تک کہیں نہیں ہے۔ ساتھ ہی الیکشن لڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی میں اسے ادا کروں گا۔ کوئی الگ توقع نہیں ہے۔










