نئی دہلی: وقف بورڈ ترمیمی بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) نے عوام سے ای میل اور تحریری خطوط کے ذریعے تجاویز طلب کی تھیں۔ جس پر مختلف حلقوں کی طرف سے الگ الگ دعوے کئے جارہے ہیں مسلم پرسنل لا بورڈ کے اپنے اعدادوشمار ہیں ۔کوئی کروڑوں کی تعداد میں ای میل بھیجنے کی بات کہہ رہا ہے اسی دوران میڈیا رپورٹس میں کچھ اور ہی بتایا گیا ہے ۔نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق، جے پی سی کو 18 ستمبر 2024 تک 9178419 ای میل موصول ہوئے۔ کمیٹی کے ان باکس میں زیادہ سے زیادہ 3343404 ای میل کی گنجائش ہے، جبکہ 12801 ای میلز اٹیچمنٹ کے ساتھ موصول ہوئے اور 75650 ای میل اسپام فولڈر میں چلے گئے۔ کمیٹی کو تحریری خطوط کی صورت میں بھی تقریباً 30 لاکھ تجاویز موصول ہو چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ای میل اور تحریری خطوط کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد تجاویز جے پی سی کے پاس پہنچ چکی ہیں۔ کمیٹی کے چیئرمین جگدمبیکا پال نے لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کی اور ان تجاویز کے مطالعے اور رپورٹ کی تیاری کے لیے مزید افسران فراہم کرنے کی درخواست کی۔ جس کے بعد 15 افسران اور ملازمین کو جے پی سی کی رپورٹ میں مدد کے لیے شامل کیا گیا ہے۔
ادھر کمیٹی لگاتار مصروف ہے اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کررہی ہے خیال رہے کہ وقف بورڈ ترمیمی بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے متعدد اجلاس منعقد ہو چکے ہیں، جن میں حکمراں جماعت اور حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ کے درمیان شدید بحث و مباحثے دیکھنے کو ملے ہیں۔ ابھی تک کوئی ٹھوس بات سامنے نہیں آئی ہے اور کبھی واک آؤٹ اور کبھی گرماگرمی کی خبریں آتی ہیں-فی الحال یہ کہنا مشکل ہے کہ بل کا مستقبل کیا ہوگا ،اب تک کی اطلاعات کے مطابق جے ڈی یو اور ٹی ڈی پی کو بل پر کوئی تحفظات نہیں ہیں-