نئی دہلی(پریس ریلیز)
ہمارا ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے،مہنگائی اوربے روزگاری کے علاوہ سب سے بڑا مسئلہ مسلم اقلیت سے نفرت میں اضافہ ہے،موجودہ حکمران کسی بھی صورت میں مسلمانوں کا نام بھی اپنی زبان پر لانا نہیں چاہتے ،دوسری طرف نام نہاد سیکولر پارٹیاں ہیں جنھیں ہمارے ووٹ کی ضرورت تو ہے مگر ہماری نہیں ۔ان خیالات کا اظہار کل ہند مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ نے دریاگنج میں مجلس کے وارڈ دفتر کے افتتاح کے موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کلیم الحفیظ نے کہاکہ مسلمانوں ،دلتوںاور کمزوروں پر ظلم میں اضافہ ہورہا ہے۔سماجی طور پر یہ طبقات نا انصافیوں کا شکار ہیں۔مجلس کا مقصد مسلمانوں اور کمزوروں کو طاقت ور بنانا ہے ۔مسلمان اپنے انتشار کی وجہ سے بے اثر ہوگئے ہیں ۔مجلس چاہتی ہے کہ مسلمان اپنی حیثیت کو جانیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنی حصے داری ادا کریں ،مگر یہ تبھی ممکن ہے جب مسلمان سیاسی طور پر اپنے حصے داری حاصل کریں۔
صدر مجلس نے کہا کہ ملک میں ایک طرف مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔لیکن اس سے زیادہ خطرناک اور ملک کے لیے تباہ کن بات یہ ہے کہ مسلمانوں سے نفرت میں اضافہ ہورہا ہے،خود حکمران طبقہ مسلمانوں سے نفرت کرتا ہے،نام نہاد سیکولر پارٹیاں بھی اکثریت کے خوف سے مسلمانوں کا نام اپنی زبان پر لانا نہیں نہیں چاہتیں ،وہ یہ تو چاہتی ہیں کہ مسلمان انھیں ووٹ دے کر کرسی پر بیٹھائیں لیکن مسلمانوں کی تعلیم و ترقی کا کوئی ایجنڈاان کے پاس نہیں ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان متحد ہوں ،ہار جیت کی پروا ہ کیے بغیر اپنے امیدوار کو ووٹ دیں ،تاکہ قومی سطح پر ان کی طاقت کا مظاہرہ ہو۔
صدر مجلس نے کہا کہ لوگ بیرسٹر اسد الدین اویسی کو بی جے پی کا ایجنٹ اور مجلس کو بی ٹیم کہتے ہیں جبکہ کہنے والے خود ہی آر ایس ایس کی ناجائز اولاد ہیں۔دہلی کی عام آدمی پارٹی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کلیم الحفیظ نے کہا کہ دہلی حکومت نے مسلم علاقوں کو پوری طرح نظر انداز کررکھاہے ،وہاں صفائی ،ستھرائی کا برا حال ہے،پولس کی دادا گیری کھلے عام ہے،اور ہمارے منتخب نمائندے جن کے نام اردو میں ہیں خاموش تماشا دیکھ رہے ہیں ۔
کلیم الحفیظ نے کہا کہ دہلی کی سیاست میں پچھلے بیس سال میں کچھ نہیں بدلا ہے ،چند لوگ تو وہ ہیں جن کی صرف پارٹیاں بدلی ہیں ،کبھی وہ جنتا دل میں تھے ،کبھی کانگریس سے اور آج عام آدمی پارٹی کا جھنڈا اٹھائے ہوئے ہیں ،ایسے لوگوں کے پاس کوئی اخلاقی قدر نہیں ہوتی۔آج ضرورت ہے کہ اپنی قیادت کو مضبوط کیا جائے اور اپنی حصے داری حاصل کی جائے ۔پروگرام سے شاہ عالم جنرل سیکریٹری،عبد الغفار صدیقی آرگنائزیشن سیکریٹری،نے بھی خطاب کیا ،نظامت کے فرائض جوائنٹ سیکریٹری فہمید حسن نے انجام دیے ۔









