نئی دہلی(ایجنسی)
منی پور میں آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر اور ان کے اہل خانہ پر انتہا پسندوں نے نشانہ لگا کر حملہ کیا۔ حملہ ہفتہ کی صبح دس بجے شیکھن۔بیہانگ تھانے کے علاقے میں ہوا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق 46 آسام رائفل کے کمانڈنگ آفیسر اپنے اہل خانہ اور کیو آر ٹی کے ساتھ جا رہے تھے کہ عسکریت پسندوں نے ان کے قافلے پر حملہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کیو آر ٹی QRT میں تعینات کمانڈنگ آفیسر کی اہلیہ اور ایک بچے اور 7 فوجیوں کے جاں بحق ہونے کی بھی خبر ہے۔ تاہم فی الحال اس حوالے سے فوج کی جانب سے کوئی آفیشیل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
منی پور کے وزیر اعلیٰ نونگتھمبم بیرن سنگھ نے اس حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ حرکت کو بخشا نہیں جائے گا۔ وہ مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک غیر انسانی اور دہشت گردانہ کارروائی ہے۔









