نئی دہلی : (ایجنسی)
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ اتوار کو دہلی کے این ڈی ایم سی کنونشن سینٹر میں ہوئی۔ میٹنگ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بی جے پی میں کوئی پریوار واد نہیں ہے، یہی اسے دوسری پارٹیوں سے الگ بناتا ہے ۔ پارٹی کی بنیاد خدمت ،عزم اورلگن پرقائم ہے ۔
انہوں نے کارکنوں کوبتاتےہوئے کہاکہ علم صرف کتابوں سے نہیں ملتی، لوگوں کے درمیان کام کرنے سے تجربہ آتا ہے ۔ بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر بھوپندر یادو نے بتایا کہ پی ایم مودی نے پارٹی کی تاریخ کو نشان زد کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نے آج مرکز میں جو مقام پایاہے ،اس کی بہت بڑی وجہ یہ ہے کہ پارٹی عام آدمی سے ہمیشہ جڑی رہتی ہے ۔
دریں اثناء بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے کہا ہے کہ بی جے پی مغربی بنگال میں جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لیے جمہوری طریقے سے لڑے گی اتوار کو یہاں بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو کی ایک روزہ میٹنگ کا آغاز مسٹر نڈا کی صدارتی تقریر سے ہوا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں مسٹر نڈا کی تقریر کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ میں مغربی بنگال میں سیاسی تشدد کے واقعات پر تنقید کی گئی۔
میٹنگ کے دوران اپنے خطاب میں مسٹرنڈا نے کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی جس تیز رفتاری سے بڑھی ہے، ایسی مثال ہندوستانی سیاست میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کے لوگوں کے ساتھ بی جے پی چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ بی جے پی ریاست میں ایک نئی کہانی تیار کرے گی۔
مسٹرنڈا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کورونا کے مشکل وقت میں ملک کو ایک چیلنجنگ راستے سے آگے لے آئے ہیں۔ ان کی عالمی قیادت کی وجہ سے آج دنیا کے بڑے ممالک ان کے انتظامی اقدام کو مثالی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 100 کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن ہو چکا ہے، کل آبادی کے 30 فیصد سے زیادہ لوگوں کو دونوں خوراکیں مل چکی ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ہندوستان کی تیار کردہ کوویکسین کو تسلیم کیا ہے۔









