کوہیما : (ایجنسی)
پیر کو پارلیمنٹ میں ناگالینڈ فائرنگ پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان کے بعد ایک متاثرہ نے کہا کہ ہم بھاگ نہیں رہے تھے۔ بغیر وارننگ کے ہم پر سیکورٹی فورسز نےگولی چلادی۔ دراصل امت شاہ نے راجیہ سبھا میں کہا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے پہلے لوگوں کو رکنے کا اشارہ کیا تھا لیکن لوگ بھاگنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد ان پر گولی چلائی گئی۔
بتادیں کہ ناگا لینڈ کے مون ضلع کےاوٹنگ گاؤں میں ہفتہ شام آٹھ کوئلہ کان کنوں کے ایک گروپ پر مبینہ طور سے گھات لگا کر کئےگئے حملے میں بچےصرف دولوگوںمیں سے ایک 23سالہ شیوانگ نے یہ بات بتائی۔ شیوانگ کو کہنی اورسینے پر گولی لگی ہے۔ انکا ڈبرو گڑھ میں آسام میڈیکل کالج اوراسپتال ( اےایم سی ایچ ) میں علاج چل رہا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے ساتھ بات چیت میں شیوانگ نے امت شاہ کے بیان کے برعکس کہا:’’ہمیں رکنے کا اشارہ نہیں دیا گیا تھا۔ ہم پر براہ راست گولی چلائیگئی۔ ہم بھاگنے کی کوشش نہیں کر رہے تھے۔ اہم بات یہ ہے کہ ناگالینڈ میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں 13 لوگوں کی موت کے بعد مقامی لوگوں میں غصہ ہے۔ واقعہ سیکورٹی فورسز کے انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران پیش آیا۔










