کانپور :
ملک میں کووڈ وبا کی وجہ سے صورت حال بے قابو ہے۔وہیںاس کی وجہ سے کئی حصوں میں لاک ڈاؤن بھی لاگو ہے۔ لاک ڈاؤن کو جہاں کووڈ کی چین کو توڑنے کی کوشش کے طور پر دیکھاجا رہا ہے ۔ وہیں یہ کئی لوگوں کی روزی روٹی کے لئے بھی خطرہ بن گیا ہے۔ اس کی وجہ سے کتنے لوگ بے بس ہوگئے ہیں ، اس کا اندازہ کانپور کے اس واقعہ سے لگایا جاسکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہاں ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ اس میں بھوک سے نڈھال نوجوان سڑک پر گرادودھ پی رہا ہے۔
ہندی اخبار ’بھاسکر‘ کے مطابق یہ ویڈیو ضلع کے سترخانہ کی بتائی جارہی ہے۔ لوگوں کے مطابق یہ واقعہ اتوار سہ پہر کو پیش آیا۔
سترخانہ کے لوگوں نے بتایا کہ اتوار کے روزایک دودھ والے کی سائیکل پلٹ گئی۔ اس سے اس کا پورا دودھ سڑک پر گر گیا۔ اس کے بعد دودھ والا وہاں سے چلا گیا۔ تبھی ایک نوجوان اس جگہ سے گزرا۔ اسے بہت بھوک لگی تھی۔ اس نے زمین پر دودھ گرا دیکھا تو گھٹنے کے بل بیٹھ گیا اور دودھ پینے لگا۔ یہ دیکھ کر وہاں موجود لوگوں کو اس پر ترس آگیا ۔ انہوں نے نوجوان کو کچھ کھانے کا سامان دیا۔








