نئی دہلی : (ایجنسی)
وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ سے 5 دن کے لیے اٹلی اور برطانیہ کے دورے پر ہیں۔ وزیر اعظم مودی کا اس دورے کا شیڈول کافی مصروف ہونے والا ہے۔ نیوز 18 کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق، وزیر اعظم مودی اپنے غیر ملکی دورے پر نہ صرف G20 سمیلن اور COP26 کانفرنس میں حصہ لیں گے بلکہ 20 اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم روم میں کچھ دلچسپ مقامات کا دورہ بھی کرنے والے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی 16ویں جی 20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے جمعہ کی صبح روم پہنچے جہاں اطالوی حکومت کے اعلیٰ حکام اور اٹلی میں ہندوستان کی سفیر ڈاکٹر نینا ملہوترا نے ان کا استقبال کیا روم پہنچنے کے بعد نریندر مودی نے ٹویٹ کیا، ’اہم عالمی مسائل پر غور و خوض کے اہم فورم جی 20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے روم پہنچ گیا۔ میں روم کے اس دورے کے دوران دیگر پروگراموں کا بھی منتظر ہوں‘۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی یورپ کے پانچ روزہ دورے کے موقع پر 29 سے 31 اکتوبر تک روم (اٹلی) اور ویٹیکن سٹی کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد وہ یکم اور 2 نومبر کو برطانیہ میں گلاسگو کے دورے پر جائیں گےجہاں وہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے کنونشن (یو این ایف سی سی سی) سی او پی 26 میں حصہ لیں گے۔ مسٹر مودی ویٹیکن کے دورے کے دوران پوپ فرانسس اوروہاں وزیر خارجہ کارڈینل پیٹرو پیرولین سے ملاقات کریں گے۔









