کولکاتا:
ترنمول کانگریس نے اپنے اخبار ’جاگو بنگلہ‘ میں دعویٰ کیا ہے کہ راہل گاندھی نہیں بلکہ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف چہرہ بن سکتی ہیں۔ ٹی ایم سی نے اپنے اخبار ’’جاگو بنگلہ‘کی کور اسٹوری پر ممتا بنرجی کو پی ایم مودی کا متبادل قرار دیا ہے۔ جمعہ کو اخبار کی سہ سرخی میں لکھا گیا ہے کہ ’ راہل گاندھی ناکام ،صرف ممتا متبال چہرہ۔‘
آؤٹ لک کی ٹیم کے مطابق ٹی ایم سی کے اس مضمون پر سیاسی گلیاروں میں ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ ٹی ایم ایس اور کانگریس لیڈروں کے بیانات اب سامنے آرہے ہیں۔ دریں اثنا ٹی ایم سی کے ترجمان کنال گھوش نے صفائی دیتے ہوئے کہاکہ ’’ پارٹی کانگریس کونظر انداز نہیں کررہی ہے، صرف یہ کہہ رہی ہے کہ ممتا بنرجی پی ایم مودی کا مقابلہ کرنے کے لیے ممکنہ اپوزیشن چہرہ ہوسکتی ہیں ۔‘‘
وہیں ریاستی کانگریس نے اس پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ یہ قدم بی جے پی کی مدد کے لیے ہے اور ہم اس اقدام کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاستی کانگریس کے صدر اور لوک سبھا کے رکن ادھیر رنجن چودھری نے اسے ٹی ایم سی کی طرف سے ایک سودا بازی بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کہتی ہیں کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔ وہیں دوسری طرف کسی پارٹی سے مشورہ کے بغیر وہ دیگرجماعتوں کی تذلیل کر رہی ہیں۔ دیدی ٹی ایم سی سے پارٹی کے اپنے اخبار میں لکھنے کے لیے کہہ رہی ہیں کہ وہ وزیر اعظم بننا چاہتی ہیں۔ انہوں نے ٹی ایم سی سپریمو کے اس قدم کو بدقسمتی بتاتے ہوئےاس کی مخالفت کی۔
ٹی ایم سی کےاپنے اخبار میں پارٹی رکن پارلیمنٹ سدیپ بندواپادھیائے کے حوالے سے کہا گیا کہ ’راہل گاندھی ناکام رہے ، ممتا متبادل چہرہ ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آج ایک متبادل کی ضرورت ہے۔ میں کافی عرصے سے راہل گاندھی کو جانتا ہوں ، لیکن میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ پی ایم مودی کے خلاف اپوزیشن کا چہرہ بننے میں ناکام رہے ہیں۔ لیکن ممتا بنرجی پی ایم مودی کے متبادل چہرے کے طور پر ابھرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ اسی لیے اب پورا ملک ممتا بنرجی کو چاہتا ہے۔ ہم تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد ممتا بنرجی کو متبادل کے طور پر پیش کریں گے۔










