نئی دہلی۲۳ ؍اپریل: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے ریاست جموں و کشمیر کے پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ قتل عام پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ 26 بے قصور سیاحوں کا بے دردی سے قتل کیا جانا انسانیت کش عمل ہے جس کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔جو لوگ اسے اسلام سے جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں وہ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے ناواقف ہیں ۔ اسلام میں کسی بے قصو ر انسان کا نا حق قتل پوری انسانیت کا قتل ہے ۔
مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔جمعیۃ علماء ہند اس موقع پر تمام شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ امن، بھائی چارے اور رواداری کو ہر حال میں برقرار رکھیں۔ ایسے واقعات کا مقصد صرف خوف، نفرت اور فرقہ واریت کو فروغ دینا ہوتا ہے، جسے ہمیں متحد ہو کر ناکام بنانا ہوگا۔