کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے واقعے کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی اپنا سعودی عرب کا دورہ مختصر کر کے دہلی واپس پہنچ گئے ہیں۔بدھ کے روز وطن واپس پہنچنے کے بعد وزیرِ اعظم مودی نے دہلی کے اندرا گاندھی ایئر پورٹ پر ہی ایک سکیورٹی اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، سیکرٹی خارجہ وکرم مصری اور دیگر موجود تھے۔
خیال رہے کہ انڈین وزیرِ اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود تھے جب منگل کے روز کشمیر کےپہلگام میں سیاحوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کا دہشت گردانہ واقعہ پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے دو درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، اس واقعے کے بعد وزیرِ اعظم مودی اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کیے بغیر انڈیا لوٹ آئے۔ پہلے طے شدہ شیڈول کے مطابق، وزیرِ اعظم مودی کو بدھ کی رات واپس آنا تھا۔اس سے قبل مودی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس واقعے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انھوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’دہشت گردی سے لڑنے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور یہ اور بھی مضبوط ہو گا۔‘









