بھوپال :(ایجنسی)
مالیگاؤں بم دھماکہ معاملے میں طویل عرصے سے قانونی کارروائی کا سامنا کرچکیں اس معاملے میں ملزمہ اورمدھیہ پردیش کے بھوپال پارلیمانی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کا تنازع کا پرانا ناطہ رہاہے۔ ان کے بیانات پر تنازع ہوتا رہاہے ، اب ان کا نیا بیان آیا ہے جس میں انہوںنے اذان کا بغیر ذکر کئے اس سے ہونے والے شور پر ہی اعتراض کیا ہے ۔
بھوپال میں رام مندر کے حوالے سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا، جس میں ممبر پارلیمنٹ شرکت کے لیے پہنچے تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے اذان کا ذکر کیے بغیر اس سے ہونے والے شور سے پریشانی کاذکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ صبح پانچ بج کر کچھ منٹ سے بہت زور زور سے آوازیں آتی ہیں۔ اور آوازیں لگاتار چلتی رہتی ہے ، نیند خراب ہوتی ہے۔ بہت سے لوگ بیماریوں سے متاثر ہوتےہیں ، ان کابھی بی پی بڑھتا ہے ،انہیں رات میں نیند نہیں آتی۔ جب صبح ہوتی ہے آواز خلل پیدا کرتی ہے ۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جوسادھو سنیاسی ہوتے ہیں ان کی دھیان کا وقت بھی صبح چار بجے برہما مہرت سے ہوتاہے ، پہلی آرتی کا وقت بھی صبح چار بجے سےہوتاہے ۔ کسی کو بھی اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ زبردستی مائیک کی آواز ہمارے کان میں گونجتی ہے اور جب ہم مائیک لگاتے ہیں تو بدعتیوں کو تکلیف ہوتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ہم کوئی اور عبادت کا لفظ نہیں سن سکتے، کیونکہ ہمارے مذہب اسلام میں ٹھیک نہیں مانا جاتا اور یہ جائز نہیں ماناجاتا۔









