غزہ:حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے پیر کی شام تل ابیب شہر اور اس کے مضافات پر راکٹوں کا ایک بیراج فائر کیا، جسے حالیہ دنوں میں سب سے بڑا راکٹ بیراج قرار دیا جاتا ہے۔ ویڈیو کلپس میں سائرن بجنے کے بعد اسرائیلیوں کے ہجوم کو پناہ گاہوں کی طرف بھاگتے ہوئے دکھایا گیا، جب کہ الجزیرہ کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ تل ابیب اور حولون میں راکٹ اور ان کے ٹکڑے گرے ہیں۔ فوج کے اسرائیلی ہوم فرنٹ نے کہا کہ تل ابیب کے عظیم تر علاقے اور ساحلی علاقوں میں 129 مقامات پر سائرن بجے۔ الجزیرہ کے نامہ نگار نے وضاحت کی کہ سائرن جنوب میں اشدود سے شمال میں ہرزلیہ تک پھیلے ہوئے ایک وسیع علاقے میں بجتے رہے ہیں۔یہ راکٹ اسرائیل کے کئی شہروں سے گذرے۔ القسام بریگیڈز نے کہا کہ یہ بمباری عام شہریوں کے قتل عام کے جواب میں کی گئی کارروائی ہے۔ الجزیرہ کے نامہ نگار نے اشارہ دیا کہ راکٹ غزہ کی پٹی کے جنوب سے داغے گئے، یعنی انہوں نے تقریباً 90 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ سرکاری میڈیا آفس کے مطابق 45 دنوں سے اسرائیلی فوج غزہ پر تباہ کن جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں 5600 بچے اور 3550 خواتین سمیت 13,300 شہید، 31,000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 75% بچے اور خواتین ہیں۔