لکھنؤ: (ایجنسی)
سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے قومی صدر اوم پرکاش راج بھر نے ایک متنازع بیان دیا ہے۔ راج بھر نے کہا کہ اگر جناح کو ملک کا پہلا وزیر اعظم بنادیاجاتا تو ملک تقسیم نہ ہوتا۔
دراصل، اکھلیش یادو نے ایک میٹنگ میں جناح کے بارے میں بیان دیا تھا۔ اس پر کافی تنازع بھی ہوا تھا۔ اس بارے میں جب اوم پرکاش راج بھر سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر جناح کو ملک کا پہلا وزیر اعظم بنادیا ہوتا تو ملک تقسیم نہ ہوتا۔ راج بھر نے کہاکہ اٹل بہاری واجپئی سے لے کر ایل کے اڈوانی تک جناح کی تعریف کیا کرتے تھے، اس لیے ان کے خیالات کو بھی پڑھئے۔
جب اس بارے میں مزید سوالات کیے گئے تو وہ برہم ہوگئے۔ جناح کے علاوہ آپ لوگ مہنگائی کا سوال کیوں نہیں کرتے؟ یہ سب بھارتیہ جنتا پارٹی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ اگر آپ بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہندو مسلم اور انڈیا پاکستان کو نکال دیں تو ان کی زبان بند ہو جاتی ہے۔
دراصل، راج بھر کی پارٹی نے اکھلیش یادو کی پارٹی ایس پی کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں دونوں جماعتیں مل کر لڑیں گی۔ تاہم ابھی تک نشستوں کی تقسیم کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔









