نئی دہلی : (ایجنسی)
آسٹریلیا نے جمعرات کو ٹی- ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار فائنل میں جگہ بنالی۔ اس کے ساتھ ہی ٹی- ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی مہم ختم ہو گئی ہے۔ لیگ میچ میں مسلسل 5 فتوحات کے بعد بابر اعظم کی ٹیم کی امیدوں پر پانی پھر گیا جو شاندار کھیل کے ساتھ فائنل میں پہنچنے کی امید لگائے بیٹھے تھے۔ بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی میچ دیکھنے پہنچیں۔
ثانیہ کو اپنے شوہر کی ٹیم کی حمایت میں کھڑے ہوکر اسٹینڈز میں تالیاں بجاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران ان کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ پاکستان کی حمایت کو دیکھ کر بھارتی سوشل میڈیا صارفین برہم ہوگئے اور ثانیہ کو ٹرول کرنا شروع کردیا۔ انہوں نے ثانیہ کو پاکستانی اور غدار بھی کہا۔ کچھ صارفین ثانیہ کی حمایت میں کھڑے بھی نظر آئے۔









