حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ نے سینئر رہنما شیخ نعیم قاسم کو عارضی سربراہ چن لیا ۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نعیم قاسم نئے سربراہ کے انتخاب تک حزب اللّٰہ کے معاملات سنبھا لیں گے۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ ہاشم صفی الدین کو حزب اللّٰہ کا سربراہ منتخب کیا جانے کا قوی امکان ہے۔ ہاشم صفی الدین حسن نصراللّٰہ شہید کے خالہ زاد بھائی اور داماد بھی ہیں
لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے خلاف غزہ، فلسطین کی حمایت میں جنگ جاری رہے گی۔ لبنان اور اس کے قابل قدر عوام کے دفاع میں اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
*تین اہم رہنماؤں کے شہادت
7 اکتوبر 2023 کے بعد سےاسرائیلی فوج نے مزاحمتی تنظیموں کے اہم رہنماؤں کو نشانہ بنایا، جن میں حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ اورصالح العروی بھی شامل ہیں۔اسرائیل کے بیروت میں تازہ حملوں میں گزشتہ روز لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ بھی شہید ہوگئے، جس کے بعد شہید اسماعیل ہنیہ اور صالح العروی کے ساتھ ان کی ایک یادگار تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
اس سے قبل 31 جولائی 2024 کو حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بھی شہادت ہوئی، وہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ اسرائیل نے حماس کے رہنما صالح العروری کو 2 جنوری 2024ء کو بیروت کے مضافاتی علاقے میں ڈرون حملے میں شہید کیا تھا، وہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے بانی تھے۔
*بیروت میں ٹینک تعینات
دارالحکومت بیروت میں ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر لبنانی فوج نے شہر میں ٹینک تعینات کردیے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لبنانی فوج کی بکتر بند گاڑیاں بیروت کے برج الغزال پل کے قریب تعینات کردی گئیں۔ یہ اقدام ممکنہ جھڑپوں کے خدشے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔خیال رہے کہ یہ پیشرفت حزب اللّٰہ کی جانب سے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی اسرائیلی حملوں میں شہادت کے بعد سامنے آئی۔