ممبئی :(ایجنسی)
مہاراشٹرا وقف بورڈ لینڈ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بڑی کارروائی کی ہے۔ وقف بورڈ اراضی گھوٹالہ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پونے میں سات مقامات پر چھاپے مارے۔ بتادیں کہ وقف بورڈ مہاراشٹر حکومت میں وزیر نواب ملک کی وزارت کے تحت آتا ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی یہ کارروائی ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب این سی پی لیڈر اور کابینہ کے وزیر نواب ملک ممبئی کروز ڈرگز کیس کے سلسلے میں ایک کے بعد ایک این سی بی اور تفتیشی افسر سمیر وانکھیڑے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ نواب ملک نے حال ہی میں سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس پر بھی سنگین الزامات لگائے تھے۔
دوسری جانب مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر نواب ملک کے داماد نے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس کو ’ہتک آمیز اور جھوٹے الزامات‘کے لیے قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ ذہنی اذیت اور مالی نقصان کے لیے 5 کروڑ روپے کا بھی مطالبہ کیا۔









