کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا مودی جی کھوکھلے بھاشن کرنا بند کریں۔ ذرا یہ بتائیں کہ آپ نے دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے بیان پر یقین کیوں کیا؟
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج بیکانیر میں تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ مودی کا دماغ ٹھنڈا ہے لیکن خون گرم ہے – میری رگوں میں گرم سندور بہہ رہا ہے دوپہر میں اپنی تقریر کے دوران، پی ایم نے کہا کہ فوج نے 22 اپریل کے دہشت گردانہ حملے کا بدلہ 22 منٹ میں لے لیا۔ پاکستان اور دہشت گردوں نے دیکھا ہے کہ جب سندور بارود میں بدل جاتا ہے تو کیا ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو لوگ سندور مٹانے نکلے تھے وہ مٹی میں مل گئے ہیں۔
اس کے بعد راہل گاندھی نے جمعرات کی شام X پر پوسٹ کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ مودی جی، کھوکھلی تقریریں کرنا بند کریں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پی ایم مودی سے تین سوال پوچھے اور لکھا، ‘آپ مجھے صرف یہ بتائیں: 1. آپ نے دہشت گردی پر پاکستان کی باتوں پر کیوں یقین کیا؟ 2. آپ نے ٹرمپ کے سامنے جھک کر ہندوستان کے مفادات کو کیوں قربان کیا؟ 3. آپ کا خون صرف کیمروں کے سامنے ہی کیوں ابلتا ہے؟ کیا آپ نے ہندوستان کی عزت پر سمجھوتہ کیا ہے؟