ایران کے حملوں کے بعد اسرائیل میں تباہی کے مناظر
اسرائیل میں صبح کا وقت ہے اور اب ایران کے میزائل حملوں کے بعد کی تازہ تصاویر سامنے آ رہی ہیں۔رات بھر تہران کی جانب سے جوابی کارروائی میں داغے گئے بیلسٹک میزائلوں نے شمالی اور وسطی اسرائیل کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ان حملوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے ایران کے حملوں کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’یہ ایک انتہائی افسوسناک اور مشکل صبح ہے۔‘انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’ایرانی حملوں‘ میں یہودی اور عرب، اسرائیلی شہری اور نئے آنے والے تارکینِ وطن، بچوں، خواتین، بزرگوں اور مردوں سمیت متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
انھوں نے مزید کہا ’میں سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہوں اور اس المناک نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتہ افراد کے ملنے کے لیے دعا گو ہوں۔ ہم مل کر سوگ منائیں گے اور مل کر اس پر قابو پائیں گے۔‘ایران نے اسرائیل پر جوابی میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، سرکاری ٹی وی کے مطابق 100 سے زائد میزائل تل ابیب اور حیفا پر داغے گئے، جبکہ وسطی اسرائیل میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں