لکھنؤ : (ایجنسی)
بی جے پی اتر پردیش میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی ۔ فی الحال تھنک ٹینک کی نظریں او بی سی ووٹروں پر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سی ایم یوگی نے اپنی کابینہ میں ایس سی ، او بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے 29 لیڈروں کو جگہ دی ہے ، لیکن پارٹی ایک قدم آگے بڑھ کر اس کمیونٹی کو راغب کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ اس کے لیے ریاست میں 200 ریلیوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق یوپی میں 50 فیصد سے زیادہ او بی سی ووٹروںکی آبادی ہے ، جن میں یادو اور دیگر او بی سی کاسٹ شامل ہیں۔ یہ او بی سی کمیونٹی ریاست کی سب سے بااثر کمیونٹیوں میں سے ایک ہے، حالانکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو پچھلے انتخابات میں اس او بی سی کمیونٹی کی حمایت حاصل تھی ، لیکن بی جے پی اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ اوبی سی کمیونٹی 2022 کے اسمبلی انتخابات میں بھی بی جے پی کی حمایت جاری رکھا ہے۔ اس برادری پر بی جے پی کی توجہ اس لیے بھی ہے کہ مایاوتی برہمن ووٹروں کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
پی ایم نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ کی حالیہ توسیع میں او بی سی کمیونٹیز کے کئی لیڈروں کو شامل کیا گیا ۔ مرکز میں غیر یادو برادری کے لیڈروں ، انوپریا پٹیل اور پنکج چودھری جیسے کرمیوںکو بھی شامل کیا گیا۔ وہیں یوگی نے بھی اس بات کا خیال رکھا ہے کہ حکومت میں زیادہ نمائندگی دے کر کمیونٹی کے لوگوں کی ناراضگی دور کی جا سکے۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات اگلے سال کے اوائل میں ہونے والے ہیں۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے کل 403 اسمبلی سیٹوں میں سے 325 پر کامیابی حاصل کی تھی۔ ایس پی نے 54 ، بی ایس پی نے 19 سیٹیں جیتی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 200 ریلیوں کے انعقاد کا آغاز نوراتری میں ہوگا۔ یہ نومبر تک جاری رہیں گی۔ ان میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے گا کہ خاص ذات کو راغب کرنے کے لیے ان سے جڑے لیڈروں سے ریلیوں کو منسوب کیا جائے ۔ ضرورت پڑی تو مرکز سے بھی لیڈروں کو ریلیوں میں اتارا جائے گا۔ یوپی میں 403 اسمبلی سیٹیں ہیں۔ یعنی ہر دو اسمبلی سیٹوں پر ایک ریلی کی جائے گی۔ ریلیوں میں ایک خاص ذات کو لبھانے پر زور دیا جا رہا ہے۔ مطلب ملاح پریاگ راج سے لے کر بنارس تک پھیلے ہوئے ہیں۔ ان کے لیے ریلی یا تو پریاگ راج میں منعقد کی جائے گی یا بنارس میں ۔
اسی خطوط پر سینی ، پرجاپتی ، راج بھر اور کرمی کے لیے ریلیوں کا اہتمام کرنے کا منصوبہ ہے۔ان ریلیوں میں سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ، ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ ، پارٹی صدر سوتنتر دیو سنگھ کے علاوہ یوپی انچارج دھرمیندر پردھان بھی خطاب کریں گے۔ ریلیوں کا مقصد او بی سی ووٹروں کے ساتھ طبقے کے ایسے لیڈر بھی ہوں گے جن کا کسی پارٹی خاص سے کوئی خاص لینا دینا نہیں ہے ۔










