امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف جاری مقدمے پر شدید حیرت اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اور کہا ہے کہ جیسے امریکہ نے اسرائیل کو بچایا، ویسے ہی اب وہ نیتن یاہو کو بھی بچائے گا۔جمعرات کے روز "ٹروتھ سوشل” پر انھوں نے لکھا کہ "مجھے اس یہ جان کر شدید صدمہ ہوا کہ اسرائیل، جو ابھی حال ہی میں اپنی تاریخ کے عظیم ترین لمحات میں سے ایک سے گزرا ہے، اور جس کی قیادت مضبوطی سے بیبی نیتن یاہو کر رہے ہیں، اب بھی ان کے خلاف یہ احمقانہ اور پاگل پن پر مبنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔”
ٹرمپ نے مزید کہا "وہ جنگِ عظیم کے وقت کے وزیرِ اعظم ہیں! میں اور بیبی ساتھ ساتھ جہنم سے گزرے … اسرائیل کے ایک چالاک، خطرناک اور دیرینہ دشمن ایران کے خلاف … اس وقت بیبی نیتن یاہو سے زیادہ سخت، مضبوط یا اپنی سرزمین سے محبت کرنے والا کوئی نہ تھا۔”ان کے بقول "کوئی اور ہوتا تو اسے بھاری نقصان، شرمندگی اور ابتری کا سامنا کرنا پڑتا۔ مگر بیبی نیتن یاہو ایک جنگجو تھے … شاید اسرائیل کی تاریخ میں ان کا کوئی ثانی نہیں۔ اور نتیجہ ایسا نکلا جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، دنیا کے ایک ممکنہ طور پر خطرناک ترین اور طاقتور جوہری ہتھیاروں کے منصوبے کا مکمل خاتمہ … اور یہ سب کچھ بہت جلد ہونے والا تھا!”