نئی دہلی:ہندوستان میں سول ایوی ایشن بیورو نے ترک کمپنی Celebi کی سیکورٹی کلیئرنس کو فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ترک کمپنی Celebi Aviation ہندوستان کے کئی ہوائی اڈوں پر سیکورٹی سے متعلق کام سنبھال رہی تھی۔
سول ایوی ایشن نے سیلبی کے خلاف کی گئی اس کارروائی کی معلومات سوشل میڈیا کے ذریعے دی ہے۔سول ایوی ایشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، "BCAS کے ڈائریکٹر جنرل کو حاصل اختیارات کے استعمال میں، Celebi Airport Services India Private Limited کے حوالے سے سیکورٹی کلیئرنس کو قومی سلامتی کے مفاد میں فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔”یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب بھارت نے 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد کئی پاکستانی اہداف پر حملے کیے تھے جس پر ترکی نے کھل کر تنقید کی تھی اور پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق سیلبی ایئرپورٹ سروسز انڈیا ممبئی، دہلی، کوچی، کنور، بنگلورو، حیدرآباد، گوا، احمد آباد اور چنئی نامی نو ہوائی اڈوں پر اپنی خدمات فراہم کر رہی تھی۔