نئی دہلی: (ایجنسی)
عام آدمی کو مہینے کے پہلے دن یعنی یکم ستمبرکو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سرکاری تیل کمپنیوں نے ایک بار پھر گھریلو رسوئی گیس سلنڈرکی قیمت 25 روپے بڑھا دیئے گئے ہیں۔ رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کے گھر کے بجٹ کو بگاڑ دیا ہے اور اس سے عام آدمی کافی پریشان بھی ہے۔
صرف 15 دنوں میں ہی غیر سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ بغیر سبسڈی والے 14.2 کلو گرام گیس سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ وہیں 19 کلو گرام کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں 75 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافہ کے بعد دہلی میں 14.2 کلو گرام کا ایل پی جی سلنڈر 884.5 روپے ہوگیا ہے جبکہ اس سے پہلے یہ 859.50 روپے کا تھا۔
دہلی میں اس سال جنوری میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 694 روپے تھی، جسے فروری میں بڑھا کر 719 روپے فی سلنڈر کیا گیا۔ 15 فروری کو قیمت بڑھ کر 769 روپے کر دیئے گئے۔ اس کے بعد 25 فروری کو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 794 روپے کردی گئی۔ مارچ میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت کو 819 روپے کر دی گئی۔ واضح رہے کہ جولائی اور اگست میں قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ مئی اور جون میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ وہیں اپریل میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 10 روپے کی تخفیف کی تھی۔









