سنبھل : (ایجنسی)
اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے اپنی دہلی رہائش گاہ پرہوئے توڑ پھوڑ کی ذمہ داری بی جے پی پر ٹھہرایا ہے۔ اپنی ایک ریلی کو خطاب کرنے یوپی پہنچے اسدالدین اویسی نے کہاکہ میری موت مجھے روک سکتی ہے ، تمہاری حرکتیں نہیں روک سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کئی اور باتیں توڑ پھوڑ کرنے والوں کو لے کر کہیں۔
ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے سنبھل میں کہا کہ جب سنبھل میں 2 بچوں کی موت ہوجاتی ہے تو میرے گھر کی کیا اہمیت اور قیمت ہے؟ انہوں نے کہاکہ ارے تمہارا گھر آباد ہے تو میرا گھر بھی آباد رہے گا ۔ تمہاری اولاد اچھی رہے گی تو میری اولاد بھی اچھی رہے گی ۔ تم کو انصاف ملے گا تو مجھےبھی انصاف ملےگا۔
اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ میرے گھر پر حملہ ہوا کوئی بات نہیں ہے ۔ جتنا مرضی فساد کرو ، میرے قدم ڈگمگانے والے نہیں ہیں۔ اپنی بات کو دوہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو یاد رکھنا چاہیے کہ میرے قدم ڈگمگانے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے اپنے کے گھر پر توڑ پھوڑ کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تمہیں لگتا ہے کہ تمہاری اس حرکت سے اسدالدین اویسی ڈر جائے گا تو ایسی حرکتوں سے میرے قدم ڈگمگانے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ اس بات کو یاد رکھنا کہ میری موت ہی مجھے روک سکتی ہے ، تم لوگوں کی اس طرح کی حرکتیں نہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے راحت اندوری کی ایک نظم پڑھی۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ لوگ کہتے ہیں کہ اسدالدین اویسی بہت بولتاہے ۔ ہماری زبان ہے ہم بولتے ہیں تمہارے باپ کی زبان ہمارے منھ میں نہیں ہے ۔
راحت اندوری کی نظم کا حوالہ دیتے ہوئے اویسی نے کہا کہ ان شاء اللہ جو آج وزیر اعلیٰ ہیں کل وہ نہیں ہوں گے۔ جیسے ہمارے وزیر اعظم مودی ہیں ، کل وہ وزیر اعظم نہیں رہیں گے۔ بتادیں کہ منگل کی شام تقریباً 4 بجے ہندو سینا کے کارکنان نے اویسی کے گھر توڑ پھوڑ کی تھی ، جس کے بعد کچھ ملزمین کو گرفتار بھی کر لیاگیا ہے ۔









