بنگلور :(ایجنسی)
کرناٹک کے شیموگہ میں بجرنگ دل کے کارکن کے قتل کے معاملے میں تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ قتل کے بعد علاقے میں ماحول انتہائی کشیدہ ہے۔ اس کے پیش نظر اسکول اور کالج بند کر دیے گئے ہیں اور علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ قتل کا یہ واقعہ اتوار کی رات 9 بجے پیش آیا اور اس کے بعد کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کے واقعات پیش آئے۔
اس معاملے میں وزیر داخلہ نے متوفی کے لواحقین سے بھی ملاقات کی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس نے قتل سے متعلق کچھ شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ علاقے میں کشیدہ ماحول کو دیکھتے ہوئے پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے پیر کو اس معاملے میں وزیر داخلہ سے بات کی ہے اور ان سے اس پر نظر رکھنے کو کہا ہے۔










