وارانسی:(ایجنسی)
اترپردیش میں جاری انتخابی سرگرمی کے درمیان سماجوادی پارٹی کے امیدوار اشفاق ڈبلیو نے ایک بڑا بیان دے کر سب کو حیران کردیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسلم معاشرے کے لوگ بھی بھگوان رام کی اولاد ہیں۔ ایسے میں ان کے اس خاص بیان سے سماجوادی پارٹی کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ عام لوگوں کے لئے یہ حیرانی کا موضوع بن گیا ہے۔
دراصل، اشفاق ڈبلیو وارانسی کے شہر شمالی سیٹ کے امیدوار ہیں۔ اتوار کی شام انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان بھی بھگوان رام کی اولاد ہیں۔ اس بیان کے بعد سماجوادی پارٹی کے بڑے لیڈران نے خاموشی اختیار کرلی ہے۔ تیسرے مرحلے کا الیکشن ختم ہوتے ہی اب وارانسی میں بھی سیاسی جماوڑہ لگنے لگا ہے۔ وہیں امیدواروں نے اپنی تشہیر میں بھی خاصی تیزی لا دی ہے۔
اتوار کی شام سماجوادی پارٹی کے شہر شمال کے امیدوار نے اپنے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا۔ اس دوران انہوں نے میڈیا سے بھی بات کی، لیکن اس بات چیت میں انہوں نے بڑا بیان دے دیا۔ اشفاق ڈبلیو نے کہا کہ ہم مسلمان ہیں تو کیا ہم ہندوستانی نہیں ہیں۔ آپ کہتے ہیں جے شری رام، ہم بھی بھگوان رام کی اولاد ہیں۔
سماجوادی پارٹی کے مسلم امیدوار کے ذریعہ دیا گیا بیان کافی سرخیوں میں ہے۔ ایک طرف جہاں اس بیان کے بعد سماجوادی پارٹی کے بڑے لیڈر کنارہ کشی کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں تو وہیں، دیگر سیاسی پارٹیوں کو حیرانی میں ڈال دیا ہے۔ اس بیان کو لے کر ایودھیا سے وارانسی پہنچے چھاؤنی کونسل کے پیٹھادھیشور سوامی پرمہنس نے کہا کہ رام کے وجود کو اگر کسی نے قبول کیا ہے تو اچھی بات ہے، لیکن رام بھکتوں پر گولیاں چلانے والا رام کے وجود کو کیسے مان لیتا۔ اگر وہ رام کی اولاد ہیں تو انہیں سماجوادی پارٹی میں شامل ہونا ہی نہیں چاہئے تھا۔ یہ بیان صرف ووٹ کے لئے ہے۔










